پاکستان بنگلہ دیش

پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ باہمی تعاون،احترام اور برابری کی بنیاد پر تعلقات کو مضبوط کر نے کا خواہاں ہے،عمران خان

اسلام آباد ( رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ باہمی تعاون،احترام اور برابری کی بنیاد پر دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کر نے کا خواہاں ہے،دونوں ملکوں کو پائیدار امن اور خوشحالی کےلئے علاقائی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،خطے میں سلامتی اور خوشحالی کیلئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے۔

وزیر اعظم نے ان خیالا ت کا اظہار بدھ کے روز بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان ے بنگلہ دیش میں کورونا وائرس وباءکی وجہ سے انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کیا اور وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے بنگلہ دیشی قیادت کے اقدامات کو سراہا ،دونوں رہنماﺅں نے کورونا وائرس کے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ،وزیر اعظم عمران خان نے انہیں انسانی زندگیوں اور روزگار کو بچانے کے لئے اپنی حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا ۔

عمران خان نے بنگلہ دیشی وزیر اعظم کو ترقی پذیر ممالک کےلئے قرضہ میں ریلیفدینے کے عالمی اقدام سے متعلق بھی آگاہ کیا ،وزیر اعظم نے بنگلہ دیش میں حالیہ سیلاب سے جانی ومالی نقصان پر بھی افسوس کا اظہا ر کیااور اس قدرتی آفت میں متاثر ہونےوالے افراد کی جلد بحالی کیلئے دعا کی۔وزیر اعظم نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ قریبی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور معمول کے مطابق دوطرفہ رابطوں اور عوامی سطح پر تبادلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

سارک کے حوالے سے پاکستان کے عزم کو کو دہراتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین پائیدار امن اور خوشحالی کے لئے علاقائی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم نے بنگلہ دیشی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی تشویش صورت حال سے متعلق بھی آگاہ کیا اورخطے کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا ۔وزیر اعظم عمران خان نے شیخ حسینہ واجد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اورکہا کہ پاکستان باہمی تعاون،احترام اور برابری کی بنیاد پر بنگلہ دیش کے ساتھ قریبی تعلقات کو مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔