شیخ رشید

پاکستان براہ راست افغانستان کے کسی مسئلے میں ملوث نہیں،شیخ رشید

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان براہ راست افغانستان کے کسی مسئلے میں ملوث نہیں، پڑوسی ملک میں سارے بھارتی قونصلیٹ پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہے تھے، موجودہ حالات میں بھارت کو منہ کی کھانا پڑی، طالبان کی طرف سے عام معافی کا اعلان مثبت اقدام ہے، دنیا کی کوئی طاقت سی پیک میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

بدھ کو وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیو دی چلڈرن کے تعاون سے یہاں پر پندرہ ہزار پودے لگائے گئے ہیں ، عمران خان ماحوالیات کیلئے ایک خاص قسم کی سوچ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایسا آدمی ہے جو دس سال پہلے سوچتا ہے۔ شیخ رشید نے افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے افغانستان میں لوگوں کے انخلا کیلئے ایک تاریخی کردار ادا کیا ہے ، ہمارے 80 ہزار سے زائد لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ بھی ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکی اتحادی ہونے کی بہت بڑی قیمت ادا کی ہے ، ہم 2528 لوگوں کو افغانستان سے لے کر آئے ہیں اور 1500 طورخم بارڈر سے آئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کوئی پاکستان پر مہاجرین کا بوجھ نہیں ہے، کاروباری راستے کھلے ہیں بلکہ ان پانچ دنوں میں کاروبارمیں ساٹھ پینسٹج فیصد اضافہ ہوا ہے۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اپنا بحری اور فضائی کوئی راستہ افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اب تلوے چاٹ رہا ہے، بھارت پاکستان کے سی پیک کے خلاف سازشوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینیوں کو سخت سیکورٹی فراہم کی جائے گی ، دنیا کی کوئی طاقت سی پیک کو نقصان نہیں پہچا سکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کچھ دن بعد افغانستان کی صورتحال پر دنیا کو آگاہ کریں گے، ہم ایسا نظام لارہے ہیں کہ اسلام آباد تمام صوبوں کے ساتھ رابطے میں ہو۔

شیخ رشید نے پی ڈی ایم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پی ڈی ایم کو مفت مشورہ دے سکتا ہوں یہ خطہ اہم ہونے جارہا ہوں کہ یہ وقت لوکل سیاست کا وقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ٹائیں ٹائیں فش ہوچکی ہے اور اب اپوزیشن کو الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے۔