اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائےریلوے محمد حنیف عباسی نےقومی قیادت کو شاندار سفارتی کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک بار پھر عالمی سفارتکاری کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ہفتہ کواپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری روابط میں پاکستان نے تعمیری اور فعال کردار ادا کیا ہے اور اس کی متوازن اور دانشمندانہ پالیسی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی توجہ اس وقت پاکستان پر مرکوز ہے اور اسلام آباد تیزی سے بین الاقوامی امن مذاکرات کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان نے خود کو ایک قابلِ اعتماد اور مؤثر پل کے طور پر منوایا ہے جو خطے میں امن،استحکام اور مکالمے کو فروغ دے رہا ہے۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کا عالمی وقار نمایاں طور پر بلند ہوا ہے اور ملک کو غیر معمولی عالمی اعتماد حاصل ہو رہا ہے۔انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حکمت عملی کو بھی سراہا، جس سے قومی سلامتی مزید مستحکم ہوئی اور علاقائی استحکام کو فروغ ملا۔
اسی طرح نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مؤثر سفارتکاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے عالمی تشخص کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔حالیہ پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں نمایاں کمی پاکستان کی کامیاب اور متوازن خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات کا انعقاد عالمی برادری کے پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان نے ممکنہ تنازع کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور عالمی سطح پر ایک ذمہ دار، باوقار اور مؤثر ثالث کے طور پر اپنی پہچان بنائی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی امن،ترقی اور علاقائی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔









