لاہور(رپورٹنگ آن لائن )سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خدا کا شکر ہے کہ پاکستان ایسے رہنما کے ہاتھوں میں ہے جو مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ وہ قیادت ہے جو مشکل حالات میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑتی، بلکہ ہر ممکن حد تک سہارا دیتی ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ایک ماہ تک اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں ہونے دیا، یہ اقدام ذمے دار قیادت، موثر حکمتِ عملی، بہترین فِسکل مینجمنٹ کی واضح مثال ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم نے کفایت شعاری، غیر ضروری اخراجات میں کمی سے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی۔ دنیا کے مختلف ممالک میں پیٹرول کی قلت، قیمتوں میں اضافے کے مقابلے میں پاکستان کو اس سے محفوظ رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی سیاست کو بچانے کے لیے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دینے والی قیادت اور موجودہ قیادت میں یہی فرق ہے۔ عوام پر مکمل بوجھ ڈالنے کے بجائے قیمتوں میں اضافہ ٹارگیٹڈ سبسڈی کے ذریعے متوازن کیا گیا۔









