لاہور(رپورٹنگ آن لائن)تاجر رہنما خادم حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ایران دو طرفہ تجارتی حجم5ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق سے پاکستانی انڈسٹریز ترقی کرے گی اور ملکی برآمدات میں اضافہ سے حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارہ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کے ساتھ ساتھ گیس بحران کے خاتمہ کیلئے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ بھی فوری مکمل کیا جائے کیونکہ ایران نے اس منصوبہ کیلئے پاکستان کی سرحد تک گیس پائپ لائن کی تنصیب مکمل کرلی ہے ۔
پاکستان بھی اپنے حصہ کا کام مکمل کرے تاکہ ملک میں انڈسٹریز کو اس کی ضروریات کے مطابق گیس کی فراہمی ممکن ہوسکے ۔انہوںنے ملک میں جاری گیس بحران کے خاتمہ کیلئے ملک کی مہنگی ترین ایل این اجی کی خریداری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگی ایل این جی کی خریداری سے گیس مزید مہنگی اور اس کا زیادہ بوجھ صنعتی شعبہ پر پڑے گی اس لیے مہنگی ایل این جی کی خریداری کی بجائے پاک ایران گیس معاہدہ کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ گیس بحران کا خاتمہ اور انڈسٹریز کو سستی گیس کی فراہمی سے پیداواری لاگت میں کمی سے مہنگائی میں کمی ہوسکے۔