پاکستان اور زمبابوے 78

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ون ڈے سیریز کل سے شروع

بولا وایو( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز آج بروز اتوار سے شروع ہورہی ہے جس کے بعد دونوں ٹیمیں تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں بھی مدمقابل ہوں گی ۔ 24نومبر سے 5دسمبر تک یہ تمام میچز بولاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔

اس ماہ پاکستان کی یہ دوسری ون ڈے سیریز ہوگی۔ اس نے آسٹریلیا کو اسی کی سرزمین پر دو ایک سے شکست دی تھی۔عاقب جاوید کی عبوری وائٹ بال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے پہلی ون ڈے سیریز ہوگی۔ انہیں چیمپینز ٹرافی تک یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پاکستان کا ون ڈے اسکواڈ محمد رضوان کی قیادت میں بدھ کو زمبابوے پہنچا تھا اور ون ڈے سیریز سے قبل تین پریکٹس سیشنز کیے۔ پندرہ رکنی اسکواڈ میں عرفات منہاس، بابر اعظم، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ ابرار احمد احمد دانیال شاہنواز دھانی اور طیب طاہر کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان آخری بار ون ڈے سیریز نومبر 2020ء میں راولپنڈی میں کھیلی گئی تھی جہاں پاکستان نے دو ایک سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ پاکستان نے زمبابوے کے آخری دورے پر جولائی 2018ء میں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں زمبابوے کو وائٹ واش کیا تھا۔کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز ہمارے لیے اتنی ہی اہم ہے کیونکہ ہمارا مقصد اپنی بینچ اسٹرینتھ کو جانچنا ہے اور آئندہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے منصوبہ بندی کرنی ہے۔ اللہ تعالی کی مدد سے، ہمارا مقصد آخری ون ڈے سیریز کی جیت کے تسلسل کو جاری رکھنا ہے۔

ہمارے تینوں اہم کھلاڑیوں کے آرام کرنے کے بعد یہ دیکھنا دلچسپی کا حامل ہوگا کہ دوسرے کھلاڑی اس سیریز میں کس طرح سامنے آتے ہیں اور ٹیم کی مدد کرتے ہیں۔ گزشتہ چار برسوں میں متعدد بار زمبابوے کے خلاف کھیلنے کے بعد ہم توقع کرتے ہیں کہ وہ تین ون ڈے میچوں کے دوران ہمارے لیے چیلنجز کا سامنا کریں گے ۔

یہ سیریز آسٹریلیا میں تاریخی جیت کے بعد ٹمپرامنٹ کا بھی امتحان لے گی۔پاکستانی ون ڈے اسکواڈ میں محمد رضوان (کپتان)، ابرار احمد، عامر جمال، عبداللہ شفیق، احمد دانیال، فیصل اکرم، حارث رف، حسیب اللہ، کامران غلام، محمد حسنین، محمد عرفان خان، سلمان علی آغا (نائب کپتان) ، شاہنواز دھانی، صائم ایوب، اور طیب طاہر شامل ہیں جبکہ زمبابوے کے ون ڈے اسکواڈ میں کریگ ارون (کپتان)، برائن بینٹ، بلیسنگ موزا ربانی، برینڈن ماوتا، کلائیو مڈاندے، ڈیون مائرز، فراز اکرم ، جوئے لارڈ گمبی، رچرڈ این گراوا، شان ولیمز، سکندر رضا، تادی واناشے مارومانی، تاشنگاموزیکیوا ،ٹینوٹیندا ماپوسا اور ٹریور گوانڈو شامل ہیں ۔

شیڈول تمام میچز بولاوایو میں کھیلے جائیں گے۔شیڈول کے مطابق 24نومبر کو پہلا ون ڈے پاکستان کے وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے شروع، 26نومبر کو دوسرا ون ڈے پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے شروع ،28نومبر کو تیسرا ون ڈے پاکستان کے وقت کے مطابق ساڑے بارہ بجے شروع ہو گا جبکہ 1دسمبر کو پہلا ٹی ٹونٹی پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع،3دسمبر کو دوسرا ٹی ٹونٹی پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع اور 5دسمبر کو تیسرا ٹی ٹونٹی پاکستانی وقت کے مطابق شام 4بجے شروع ہو گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں