دوشنبے (رپورٹنگ آن لائن)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے ساتھ تعلقات وقت کے ساتھ مستحکم ہوئے ہیں، تاجک صدر اور وزیرخارجہ کی جلد پاکستان آمد کے متمنی ہیں، دونوں ممالک کے مابین تعاون کے حوالے سے روڈ میپ پہلے سے موجود ہے،پاکستان، تاجکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے اور کامیابی حاصل کی ہے۔
بدھ کو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دوشنبے میں تاجکستان کے وزیرخارجہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دو شنبے میں نویں ہارٹ آف ایشیاءاستنبول پراسس اجلاس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں جبکہ پاکستان اور تاجکستان کے ساتھ تعلقات وقت کے ساتھ مستحکم ہوئے ہیں اور تاجکستان کے ساتھ تعلقات میں اضافہ کر کے اس رجحان کا تسلسل چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاجک صدر اور وزیرخارجہ کی جلد پاکستان آمد کے متمنی ہیں، دونوں ممالک کے مابین تعاون کے حوالے سے روڈ میپ پہلے سے موجود ہے اور معاون ملکوں کے تجارتی تعلقات کے فروغ کےلئے فورمز کو مزید فعال بنائیں گے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاک تاجک تجارتی اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی اور پاکستان، تاجکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے اور کامیابی حاصل کی ہے