اجلاس

پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دفاع، تجارت اور ماحولیاتی تحفظ سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

منسک (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان اور بیلاروس نے دفاع، تجارت اور ماحولیاتی تحفظ سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے جمعہ کو یہاں مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے ۔ ان معاہدوں پر دستخط وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ بیلاروس کے دوران کئے گئے۔ دستخطوں کی تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو بھی موجود تھے۔

دونوں اطراف کے وزرا نے پہلے سے دستخط شدہ دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ پاکستان اور بیلاروس کی حکومتوں نے ری ایڈمیشن کے معاہدے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور بیلاروس کے وزیر داخلہ آئیوین کبراکوف نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔

پاکستان اور بیلاروس نے دونوں ممالک کی وزارت دفاع کے درمیان تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کئے اور اس حوالے سے وزیر تجارت جام کمال خان اور بیلاروس کے وزیر دفاع وکٹر خرینن نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ دونوں ممالک نے جمہوریہ بیلاروس کی ریاستی اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹری اور دفاعی پیداوار کی وزارت کے درمیان 2025-2027 کے لئے فوجی تکنیکی تعاون کے پروگرام (روڈ میپ) پر دستخط کئے۔

وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور بیلاروس کی ملٹری انڈسٹری کے ریاستی اتھارٹی کے وزیر دمتری پنٹس نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ دورے کے دوران ماحولیاتی تحفظ، پوسٹل سروسز، بزنس سپورٹ، تجارت کے فروغ اور تجارتی اداروں کے درمیان تعاون کے لیے دوطرفہ معاہدوں پر بھی دستخط کئے گئے۔