ناٹنگھم(ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ (آج)جمعہ کو کھیلا جائیگا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 10 بجے شروع ہو گا، ون ڈے سیریز میں شامل امام الحق،عبداللہ شفیق،آغا سلمان،شکیل سعود کی جگہ ارشد اقبال،محمد حفیظ،عماد وسیم،شرجیل خان اوراعظم خان لیں گے،دونوں ٹیموں کے مابین ابھی تک کھیلے گئے میچوں میں انگلینڈ کو واضح برتری حاصل ہے،18میچوں میں پاکستان نے صرف5،انگلینڈ نے11میں فتح حاصل کی۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ سے ون ڈے سیریزمیں کلین سوئپ شکست کے بعد بابراعظم الیون کی توجہ ٹی ٹوئنٹی سیریز پر مرکوز ہے۔ ٹیم برمنگھم سے ناٹنگھم پہنچ گئی۔ جہاں میچ سے قبل قومی ٹیم نے جمعرات کو بھرپور مشقیں کیں۔ سیریز کا پہلا میچ (آج)جمعہ کو ناٹنگھم میں کھیلاجائے گا۔
ون ڈے سیریز میں شامل امام الحق،عبداللہ شفیق،آغا سلمان،شکیل سعود کی جگہ ارشد اقبال،محمد حفیظ،عماد وسیم،شرجیل خان اوراعظم خان لیں گے۔ ٹی 20مقابلوں میں کورونا کیسز والے پلیئرز کی آئسولیشن مکمل ہونے کے بعد کپتان این مورگن سمیت سینئرز کا کم بیک ہو گیا ہے۔ ٹی 20مقابلوں میں بھی انگلش ٹیم کا پلہ بھاری ہے۔ 18 بار آمنا سامنا ہوا جس میں قومی ٹیم صرف 5 میں کامیاب ہوسکی جبکہ 11میں شکست کا کڑوا گھونٹ بھرنا پڑا، 2 میچ بے نتیجہ رہے۔اٹھارہ جولائی کو لیڈز میں دوسرا میچ شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی بیس جولائی کو مانچسٹر میں رات ساڑھے دس بجے ڈے نائٹ کھیلا جائےگا۔ سیریزکے بعد پاکستان ٹیم پانچ ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ کی سیریز کھیلنے ویسٹ انڈیز روانہ ہوجائے گی۔