اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق اور کئی معاہدوں پر دستخط کئے ہیں ۔وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو گزشتہ روز 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں وزیراعظم ہاؤس آمد پر ان کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس آمد پر انڈونیشیا کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، انڈونیشیا کے صدر نے پاکستان میں شاندار میزبانی اور صحت کے شعبے میں تعاون کا خیرمقدم کیا۔بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اورمعاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔
وزیراعظم اور انڈونیشیا کے صدر کی ملاقات میں پاکستانی ڈاکٹرز، میڈیکل پروفیسرز اور ماہرین کو انڈونیشیا بھیجنے پر اتفاق ہوا جبکہ باہمی تجارت میں توازن پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں۔انڈونیشیا کے صدر نے کہاکہ تعلیم ، تجارت ، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔









