لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے بھارتی وزیر ِ خارجہ ایس جے شنکر کی جانب سے پاکستانی ریاستی اداروں کے بارے میں اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کی اشتعال انگیزی قابل مذمت ہے،مودی سرکار خطے میں نفرت، اشتعال انگیزی اور تنازعات کو ہوا دے کر اپنی داخلی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 مئی کی حزیمت ابھی تک مودی کے دل و دماغ سے محو نہیں ہوئی، اسی لیے وہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کر کے ہندوستانی عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کے ریاستی اداروں کے بارے میں بے سروپا الزامات نہ صرف سفارتی آداب کے منافی ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی بڑھانے کی ایک دانستہ کوشش بھی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، امن چاہتا ہے، خطے میں استحکام چاہتا ہے، مگر بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
بھارت کی سیاسی قیادت خاص طور پر انتخابی ماحول میں ہمیشہ پاکستان مخالف بیانیہ گھڑ کر اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش کرتی ہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ بھارت کے اندر بڑھتی ہوئی انتہا پسندی، انسانی حقوق کی پامالی، اور اقلیتوں پر ظلم دنیا بھر میں بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی اشتعال انگیز پالیسیوں کا نوٹس لے، کیونکہ خطے میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب بھارت اپنی توسیع پسندانہ سوچ اور پاکستان مخالف پروپیگنڈے کو ترک کرے۔
محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پاکستان نہ کبھی دباؤ میں آیا ہے نہ آئے گا۔ اگر بھارت نے کسی غلط فہمی میں مبتلا ہوکر کسی بھی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور قوم متحد ہو کر اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔آخر میں، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط، باشعور اور باوقار ملک ہے، جو خطے میں امن چاہتا ہے مگر اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر قدم اٹھانے کا حق رکھتا ہے۔









