شہباز شریف 13

پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کیے ہوئے ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا، وزیراعظم

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کیے ہوئے ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔یومِ کی مناسبت سے وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم نے آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کا دن قومی جذبے سے منا یاہے اور اس موقع پر دستور کے معماروں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئین عوام اور ریاست کے مابین ایک مقدس معاہدہ ہے جو دونوں کے حقوق و فرائض کا قانونی، اخلاقی اور انتظامی تعین کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ10 اپریل 1973 کو منظور کیے گئے متفقہ آئین پاکستان نے ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام حکومت اور ریاست پاکستان کے مضبوط اداراتی ڈھانچے کی بنیاد رکھی۔وزیراعظم نے کہا کہ 1973 کا آئین پاکستان کے تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے اور یہ آئینی دستاویز نہ صرف ان حقوق کو تفصیل سے بیان کرتی ہے بلکہ ان کی فراہمی کے لیے قانونی لائحہ عمل کو بھی یقینی بناتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 1973 کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے، جہاں تمام ریاستی اکائیاں قومی یگانگت اور مجموعی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا آئینی کردار خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہی ہیں اور تابندہ مستقبل کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ قابل رشک اتفاق اللہ تعالیٰ کے ملک خداداد پر فضل و کرم کا عکاس ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جس عزت و اکرام سے نوازا ہے اس پر ہم اس کے حضور سر بسجود ہیں۔ پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کیے ہوئے اپنی ترقی و خوشحالی کا سفر انشاء اللہ جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں