شہبا زشریف

پاکستانی نوجوانوں میں زندگی کے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی مکمل استعداد موجود ہے،وزیراعظم شہبا زشریف

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہبا زشریف نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں زندگی کے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے اور ملک کا نام روشن کرنے کی مکمل استعداد موجود ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے یونیورسٹی آف لندن کی وائس چانسلر وینڈی تھامسن سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی شہری یونیورسٹی آف لندن اور دیگر معروف بین الاقوامی تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد عالمی مارکیٹ میں اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ حکومت پاکستان نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر بیرون ملک سکالرشپ اور ملازمت کی خاطر بھیجنے کے لئے متعدد پروگرام متعارف کر چکی ہے اور نئی حکمت عملیوں پر کام جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہم اپنے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ وینڈی تھامسن نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیےحالیہ اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا ۔ ملاقات میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔