پروفیسر الفرید ظفر

پاکستانی میڈیکل پروفیشنلز اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد کیلئے ہمہ وقت تیار:پروفیسر الفرید ظفر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ میڈیکل پروفیشن سے وابستہ افراد اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد اوراگر حکومت اجازت دے تو اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بننے والے زخمی فلسطینی بھائی بہنوں اور بچوں کے علاج معالجے کیلئے جانے کی غرض سے ہمہ وقت تیار ہیں وہاں جنگی حالات میں بھی اپنے فرائض انجام دہی میں فخر محسوس کریں گے۔

اپنی خصوصی گفتگو میں پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ وہ فلسطینیوں کی امداد اور ادویات وغیرہ کی فراہمی کے لئے مخیر حضرات خصوصاً بیرون ملک مقیم ہیلتھ کمیونٹی اورپوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے فارغ التحصیل سپیشلسٹ کنسلنٹنٹ و معالجین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دل کھول کر اپنے فلسطینی بھائیوں کی مالی معاونت کریں اور انہیں اس پر مکمل اعتماد رکھنا چاہیے کہ اس مہم سے جمع ہونے والی رقوم کی ایک ایک پائی نہایت ایمانداری کے ساتھ فلسطینی ریلیف فنڈ میں جمع کروائی جائے گی۔مزید برآں زخمی فلسطینیوں کے علاج معالجے کیلئے ادویات کی بھی سخت ضرورت ہے اور لوگ اپنے اپنے عطیات ادویات کی صورت میں بھی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیت الاسلام ادارہ جس کی فلسطین تک رسائی ہے سے ہمیں اس نیک کام میں اُن کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے اور اپنے مسلمان بھائیوں کی مدد کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرنا چاہیے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی و اے ایم سی پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اوروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی جرات کے ساتھ پاکستانی عوام کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی ہے اور دنیا بھر میں ہمارے موقف کو احسن انداز میں اجاگر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم فلسطینیوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے بھرپور طریقے سے اپنا کردار ادا کرے گی اور اس ضمن میں بچے بوڑھے اور خواتین فلسطین کے ساتھ مشکل کی اس گھڑی یں شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظلوم فلسطینیوں کی حمائیت میں احتجاجی مظاہروں اوریکجہتی کی ریلیوں سے ثابت ہو رہا ہے کہ ہم سب سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ایک ہیں،اسی طرح فلسطین میں بھی بچوں کی طرف سے سامنے آنے والے جوش و جذبے لائق تحسین ہیں جس سے لیلیٰ خالد جیسی مجاہدہ کے کردار کی یاد تازہ ہو رہی ہے اور انشاء اللہ جلد یا بدیر فلسطین آزاد ہو کر رہے گا۔