نیاز ترمذی

پاکستانی سفیر فیصل ترمذی کا یو اے ای کے تحقیقی ادارے ٹرینڈز ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کا دورہ

ابوظہبی (رپورٹنگ آن لائن)متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ” ٹرینڈز ریسرچ اینڈ ایڈوائزری ” کا دورہ کیا جو متحدہ عرب امارات میں قائم ایک آزاد تحقیقی ادارہ ہے اور علاقائی و عالمی ترقی کے جغرافیائی سیاسی، اقتصادی اور سماجی پہلوؤں کے تجزیے پر مبنی تحقیق اور ایڈوائزری پیش کرنے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔

یہ ادارہ 2014 میں قائم کیا گیا تھا اور اس نے اپنے تحقیقی مقالہ جات، رپورٹسں، رجحانات کے تجزیوں اور کتاب میلوں کے ذریعے اپنی رسائی کو مسلسل وسعت دی ہے۔ یہ تعلیمی اداروں، صنعتی ماہرین اور تحقیقی مراکز کے ساتھ تعاون کے ذریعے مختلف ممالک میں اپنی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے رہا ہے۔

ٹرینڈز کے سی ای او ڈاکٹر محمد عبداللہ العلی اور ان کی ٹیم نے فیصل نیاز ترمذی کو ادارے کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ پاکستانی سفیر نے ادارہ کے کام کو سراہا اور متعلقہ شعبوں میں تحقیق کے میدان میں بامعنی شراکت داری قائم کرنے کے لئے پاکستان کے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ استوار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان میں بھی اس طرح کے ادارے تحقیق کر رہے ہیں اور ان کا باہمی تعاون تحقیق کے شعبے میں فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ اس سے اہم پالیسی معاملات پر مشترکہ نقطہ نظر پیدا ہو گا۔ فریقین نے باہمی تاریخی تاریخی تعلقات کو سراہا جن کی دونوں ممالک قدر کرتے ہیں اور شراکت داری قائم کرنے کے لئے تحقیق کے شعبہ میں تعاون پر آمادگی کا اعادہ بھی کیا۔