عابد علی

پاکستانی بلے باز عابد علی کا کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری پر خوشی کااظہار

ہرارے (رپورٹنگ آن لائن) پاکستانی بلے باز عابد علی نے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کچھ عرصے سے ایک بڑی اننگز کھیلنے کا منتظر تھا،اس بار سیٹ ہوا تو موقع سے فائدہ اٹھایا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اوپنر نے کہا کہ یہ سنگ میل عبور کرنے پر میں بہت خوش اور اللہ تعالیٰ کا شکرگزار ہوں،طویل اننگز میں اظہر علی کی شراکت میں 100 رنز بنانے کا موقع ملا، چھوٹی چھوٹی شراکتوں سے ٹیم کا ٹوٹل بھی بہتر ہوتا گیا، نعمان علی نے بھی اچھا ساتھ دیا اور حوصلہ بڑھایا کہ آپ کو لمبی اننگز کھیلنا اور ڈبل سنچری بنانا ہے، ہم دونوں نے خراب گیندوں پر رنز بنانے کی پلاننگ کی تھی،

اس میں کامیاب بھی ہوئے، دوسرے اینڈ پر نعمان کے موجود ہونے کا فائدہ ہوا۔انھوں نے کہا کہ میں کچھ عرصے سے ایک بڑی اننگز کھیلنے کا منتظر تھا،اس بار سیٹ ہوا تو موقع سے فائدہ اٹھایا ،کوچنگ اسٹاف نے میری حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا اور ایک پلان دیا۔ عابد علی نے کہا کہ صبح کے وقت پچ میں نمی ہوگی،اس لیے ہمارے پاس زمبابوین اننگز کو جلد سے جلد ختم کرنے کا اچھا موقع ہوگا۔