اعظم سواتی

پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، حمایت جاری رکھیں گے ، اعظم سواتی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، حمایت جاری رکھیں گے ۔ اپنے بیان میں اعظم سواتی نے کہاکہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، 27 اکتوبر وہ سیاہ دن ہے جب 1947 میں بھارتی قابض افواج کشمیر کے اندر داخل کر دی گئیں، ہم ہر سال اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، بھارت اور مودی سرکار پر ہندوتوا اور ارایس ایس کی سوچ غالب آئی ہوئی ہے، اعظم خان سواتی نے کہاکہ خاص طور پر بھارت کی طرف سے 5 اگست 2019 کے اقدامات کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے سچے وکیل اور دلیر سفیر ہونے کا ثبوت دیا ،عمران خان نے کشمیریوں کے خلاف ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو پوری دنیا میں اجاگر کیا،

دنیا کے ہر فورم پر نے اس پر بات کی،پہلی مرتبہ مغربی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم اور مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، ہمارا یہ دوٹوک ،واضح اور بھرپور مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے، کشمیریوں کو ان کا بنیادی خودارادیت کا حق دیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کشمیری عوام کی پرامن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔