پاکستان

پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیم ٹاپ فور میں پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہیں،سرفراز احمد

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیم ٹاپ فور میں پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہیں،بابر اعظم، فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور شاداب خان میری کپتانی میں بنے ہیں۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپتان اور کوچ ایک پیج پر ہوں تو مثبت نتائج آتے ہیں، قومی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیم ٹاپ فور میں پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز میں قومی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس سے ٹیم میں بہتری کی جھلک دکھائی دی لیکن خامیوں پر قابو پانے کی مزید محنت کی ضرورت ہے۔

پی ایس ایل سے متعلق سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری ٹیم ابھی آخری نمبر پر ہے تاہم ہمارے پاس فاف ڈوپلیسی، آندرے رسل، محمد حسنین اور اعظم خان ایسے پلیئرز ہیں جو میچ کا پانسہ پلٹںے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایونٹ کے بقیہ میچز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریگی۔انہوں نے کہا کہ ڈوپلیسی اچھی فارم میں ہیں وہ ہماری کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، آندرے رسل ٹیم میں اچھا اضافہ ہیں جو میچ کو باآسانی یکطرفہ بناسکتے ہیں۔سرفراز احمد نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد حسنین بہترین فارم ہیں ہے انہوں نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کی تھیں، یو اے ای میں محمد نواز کا ریکارڈ بہت اچھا ہے ، اعظم خان اپنی فٹنس اور بیٹنگ میں بہتری لانے کیلئے سخت محنت کررہے ہیں، یہ کھلاڑی ہمارے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں۔