شاہ محمود

پاکستان، برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی،تجارتی و سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے، وزیر خارجہ

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے،کثیرالجہتی دو طرفہ تعلقات ہیں، پاکستان، برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی،تجارتی و سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے، برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے پاکستانی نژاد برطانوی ہارلیمنٹیرینز کی خدمات قابل تحسین ہیں،پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، یورپی ممالک میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد مقیم ہے-

جو دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے برطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد رکن لارڈ واجد خان نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ءخیال کیا گیا ۔

اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے،کثیرالجہتی دو طرفہ تعلقات ہیں، پاکستان، برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی،تجارتی و سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے، مجھے اپنے حالیہ دورہ ءبرطانیہ کے دوران برطانوی وزیر خارجہ لز ٹرس سے ملاقات کا موقع ملا، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا میں نے برطانوی ہم منصب کو افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا، دورہ ءبرطانیہ کے دوران میری برطانوی پارلیمنٹ کی فارن ریلیشنز اور ڈیفنس کمیٹیوں کے سربراہان کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں ہوئیں، برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے پاکستانی نژاد برطانوی ہارلیمنٹیرینز کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

لارڈ واجد خان، نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے حالیہ دورہ ءبرطانیہ اور برطانوی وزیر خارجہ لز ٹرس سمیت برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ہونیوالی ملاقاتوں کو سراہا اور پاکستان کو ہوائی سفر کے حوالے سے برطانوی ریڈ لسٹ سے نکلوانے کیلئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کوششوں کی تعریف کی۔ دوسری طرف چیئرمین پاکستان۔ یورپی یونین فرینڈشپ فیڈریشن پرویز اقبال لوسر نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ،دوران ملاقات بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، یورپی ممالک میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد مقیم ہے-

جو دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا میری خصوصی ہدایات پر، دنیا بھر میں ہمارے سفارت خانے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے کوشاں ہیں ۔پرویز اقبال لوسر نے وزیر خارجہ کو پاک- ای یو فرینڈشپ فیڈریشن کی کارکردگی کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔وزیر خارجہ نے یورپی ممالک میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے پاکستان۔

یورپی یونین فرینڈشپ فیڈریشن، کی خدمات کو سراہا ،میری اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل سمیت کءیورپی ممالک کے وزرائے خارجہ سے سود مند ملاقاتیں ہوئیں، شاہ محمود قریشی نے کہا میں نے یورپی یونین ممالک کے وزرائے خارجہ کو افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا، میں نے یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کی خدمت میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے جنگی جرائم کے ٹھوس شواہد پر مشتمل ڈوزیر پیش کیے،پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹیجک شراکت داری کے فروغ کیلئے پر عزم ہے۔ چیئرمین، پاکستان۔ یورپی یونین فرینڈشپ فیڈریشن، پرویز اقبال لوسر نے وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس میں شرکت اور اس موقع پر یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کو سراہا۔