حسن مرتضیٰ

پانی صرف سندھ اور پنجاب کا نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے،حسن مرتضیٰ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ نہر کے مسئلے پر پیپلز پارٹی کو سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں قربان کرنا پڑیں تو کر دینی چاہئیں، پانی صرف سندھ اور پنجاب کا نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے.

نئی نہریں بننے سے ملک اور وفاق کمزور ہوگا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما عابد صدیقی کی صاحبزادی کی مغلپورہ میں شادی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن مرتضیٰ نے کہا کہ سندھ سے زیادہ پانی کا مسئلہ پنجاب کا ہے، ہمیں پہلے ہی ارسا سے 20 فیصد کم پانی مل رہا ہے یہ پہلی نہیں چوتھی فصل ہے جس میں پنجاب حکومت کاشتکار کا نوالہ چھین رہی ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کوئی نیا آبی ذخیرہ نہیں بنا تو نئی نہروں میں پانی کہاں سے آئے گا؟

پانچ جگہوں میں سے ایک خالی ہے اسے کس جگہ سے بھرا جائے گا؟ حکومت نے اتنا سنگین بحران کھڑا کر دیا ہے کہ ہماری زمینیں بنجر ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ دیہات میں 5 منٹ پانی اوپر نیچے ہو جائے تو قتل و غارت اور طلاقیں ہو جاتی ہیں، پیپلز پارٹی اس مسئلے پر کسی بھی صورت خاموش رہنا افورڈ نہیں کرتی، یہ عام آدمی کی روٹی کا مسئلہ ہے، عوام کی فوڈ سیکیورٹی پر کمپرومائز نہیں کر سکتے۔

دریں اثنا، پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے واضح کیا کہ ہے کہ چاربھائیوں کے پانی کا فیصلہ کوئی ایک نہیں کرسکتا, چاہے ایک بھائی کے پاس ٹینک ہویاجہاز, وہ ایسا فیصلہ نہیں کرسکتا۔لاہور میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت جرات کرکے بتائیکہ پنجاب کیکن اضلاع سے پانی چولستان کینال میں جائیگا۔