اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کی تجاویز کا انتظار ہے، پانچ سو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا آرڈر دینے جا رہے ہیں،
طارق ملک کو چیئرمین نادرا تعینات کر دیا،مسلم ممالک کو انتہا پسندی کا طعنہ دینے والے اپنے اندر جھانکیں، مغربی ممالک میں اسلامو فوبیا سرایت کر گیا، مغرب میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا تدارک کیا جائے، وزیراعظم واحد لیڈر ہیں جو اسلامو فوبیا پر بات کر رہے ہیں،انتخابی اصلاحات سے متعلق بل قومی اسمبلی میں ہے، ن لیگ نے تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے کی مخالفت کر دی، ن لیگ نے پٹیشن دائر کر دی ہے، ن لیگ کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں، تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے پر پیپلزپارٹی کے مقف کا انتظار ہے ۔
منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کابینہ اجلاس سے متعلق نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں پاکستانی نژاد کینیڈین خاندان کے افراد کے بہیمانہ طریقے سے قتل کی شدید مذمت کی، وزیراعظم نے اہلخانہ کو ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس واقعہ کے حوالے سے وزارت خارجہ سے مکمل رپورٹ طلب کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جو ممالک مسلمان ممالک کو انتہاءپسندی کا طعنہ دیتے تھے وہ اپنے اندر جھانکیں، وزیراعظم عمران خان اسلاموفوبیا پر دنیا کی توجہ دلا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن کی تجاویز کا انتظار ہے، سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کی مسلم لیگ نون کے موقف کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی وجہ سے ملک معاشی طور پر مستحکم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلبز اور بار کونسلز کے انتخابات کےلئے الیکٹرانک ووٹنگ کی سہولت فراہم کریں گے۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیر قانون نے فوجداری قوانین میں اصلاحات کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی جبکہ احساس پروگرام پر بھی بحث کی گئی، احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 70لاکھ افراد مستفید ہو رہے ہیں جبکہ پروگرام کو مزید موثر بنانے کےلئے مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں سے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن خسارے سے باہر آ گیا ہے، یوٹیلیٹی سٹورز ہمیں خسارے میں ملاتھا، اس کی آمدن میں بہت بہتری آ چکی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ طارق ملک کو نادرا کا چیئرمین تعینات کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ وفاقی کابینہ نے قومی ترانے کی ای ریکارڈنگ کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستانی اڈے امریکہ کو دینے کے حوالے سے خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے، تمام پاکستان کے پاس ہیں، وزیرخارجہ اس حوالے سے سینیٹ میں واضح طور پر بیان دے چکے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پی ٹی وی کی درخواست جس میں استدعا کی گئی تھی کہ پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ سیریز دیکھانے کےلئے انڈین کمپنی کی خدمات لینے کی اجازت مانگی تھی، کابینہ نے پی ٹی وی کی درخواست کو مسترد کیا اور وزیراعظم نے کہا کہ جب تک ہندوستان مقبوضہ کشمیر پر 5اگست کے فیصلہ کو واپس نہیں لیتا تب تک ہندوستان کے ساتھ کسی بھی قسم کا کاروبار نہیں ہو سکتا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز کو پاکستان میں دیکھا نہیں جا سکے جبکہ اس حوالے سے گفتگو جاری ہے اور ایشیئن کرکٹ کونسل سمیت آئی سی سی سے بھی بات ہو رہی ہے، ساﺅتھ ایشیاءمیں ہندوستان کے پاس رائٹس ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب صرف سندھی قوم پرست جماعت بن گئی ہے، پنجاب کے حوالے سے بلاول زرداری اور وزیراعلیٰ کے بیانات سے ان کی سیاسی نظریہ کا پتہ چلایا جا سکتا ہے