اسپیکر قومی اسمبلی

پارلیمنٹ کو محروم طبقات کیلئے قابل عمل بنانے کےلئے روز اول سے کوشاں ہوں ،اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو محروم طبقات کیلئے قابل عمل بنانے کے لئے روز اول سے کوشاں ہوں ،ہمارے معاشرے کی ترقی میں خصوصی افراد انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ، ائر فورس کے ریٹائرڈ افسران کا خصوصی افراد کے حوالے سے کردار اور کام قابل ستائش ہے ،خصوصی افراد کے حوالے سے آئینی ترمیم پارلیمنٹ سے منظور کرانے کے لئے تیار ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاوس میں خصوصی افراد کے لئے اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے مسلسل دوسرے سال تقریب کا انعقاد کیا گیا وفاقی وزیر اعظم سواتی، مشیر وزیر اعظم بابر اعوان رکن اسمبلی منزہ حسن، احمد حسین ، خصوصی افراد کی مختلف تنظیموں ، خصوصی افراد کی بڑی تعداد سمیت اور دیگر نے شرکت کی ۔تقریب کے دوران خصوصی افراد اور بچوں نے پرفارمنس نعت اور قوالی بھی پیش کی تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی خصوصی افراد کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کی گئی کوششوں پر بنائی گئی دستاویزی فلم بھی چلائی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا پارلیمنٹ کو محروم طبقات کیلئے قابل عمل بنانے کے لئے روز اول سے کوشاں ہوں ،ہمارے معاشرے کی ترقی میں خصوصی افراد انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ،افسوس کی بات ہے کہ جو کام ہمیں کرنا چاہیئے ہم نہیں کررہے ہیں ۔

انہوںنے کہا ائر فورس کے ریٹائرڈ افسران کا خصوصی افراد کے حوالے سے کردار اور کام قابل ستائش ہے ،خصوصی افراد کے حوالے سے جو بھی آئینی ترمیم کی ضرورت ہوئی تو ہم اسے پارلیمنٹ سے منظور کرانے کے لئے تیار ہیں ،خصوصی افراد کے کوٹہ میں اضافے اور تحفظ کے لیے بھی پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کرے گی ،اب تک ہونے والی قانون سازی میں جو بھی سقم باقی ہے اسے دور کرنے کے لیے منزہ حسن کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے ،خبیب فاونڈیشن کے ساتھ ملکر بھکاری افراد اور بچوں کے لیے تعلیم و تربیت کا اہتمام بھی کررہے ہیں ،پارلیمانی روایات سے ہٹ کر سماجی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں اور اس کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔