اسحٰق ڈار

پارلیمانی ووٹ دینا ہر رکن کا آئینی حق ہے، ضمیر کے مطابق فیصلہ جمہوریت کی روح ہے،سینیٹر اسحاق ڈار

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ ہر رکنِ پارلیمنٹ کو ووٹ دینے کا آئینی اور جمہوری حق حاصل ہے،اگر کوئی رکن پارٹی ہدایت کے خلاف بھی ووٹ دیتا ہے تو اس کے ضمیر کا احترام کرنا چاہیے، کیونکہ سیاسی فیصلوں میں ذاتی ضمیر کو دبانا جمہوریت کے منافی ہے۔

جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ووٹ دینے کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی قانونی طور پر مؤثر ہوتا ہے، اور جو اراکین ضمیر کے مطابق ووٹ دیتے ہیں انہیں اکثر اس فیصلے کی سیاسی قیمت بھی برداشت کرنی پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی اور کارکنان کو چاہیے کہ مقدس ناموں والے کاغذات کا احترام کریں، اور اختلافِ رائے کو جمہوری طریقے سے برداشت کریں۔27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے موقع پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے سینیٹر ڈار نے کہا کہ میں تمام سینیٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس ترمیم کے حق میں اپنی رائے دی۔

یہ ترمیم مکمل رولز اینڈ ریگولیشنز کے مطابق منظور کی گئی ہے۔ میری دعا ہے کہ یہ تمام کارروائی ملکی بہتری کے لیے استعمال ہو،ووٹ دینے کے پورے عمل کے بعد ہی نتائج کو نوٹیفائی کیا جائے گا، جبکہ کسی بھی رکن کا استعفیٰ صرف تحریری صورت میں ہی مؤثر سمجھا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ زبانی یا اعلانیہ استعفے کی کوئی آئینی حیثیت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اختلافات کا حل بحث، مکالمے اور دلیل سے تلاش کیا جانا چاہیے، یہی طرزِ عمل قومی اتفاقِ رائے اور پارلیمانی وقار کو مضبوط کرتا ہے۔