لاہور (رپورٹنگ آن لائن )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی اور عوامی مشکلات کے خاتمے کے لئے سیاسی عدم استحکام کی فضا ء کو ختم کرنا ہو گا،باہمی تعاون اور سیاسی بصیرت سے ہی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے .
بد قسمتی سے موجودہ حکمرانوں نے ملک و قوم کو بند گلی کی طرف دھکیل دیا ہے،المیہ یہ ہے کہ فارم 47والے پاکستان کودرپیش مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں،یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کسی کو بھی عوام کے مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں اور نہ ہی قومی سلامتی اور عزت و وقار کی قدر ہے ،ملکی حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور اور قصور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا ہے کہ ملک قرضوں میں جکڑ دیا گیا ہے صنعتیں بند پڑی ہیں اور بے روزگاری میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔
حکمران رائٹ سائزنگ اور ڈاون سائزنگ کے نام پر لوگوں کو بے روزگار کرنا بند کریں اداروں کو دیانت دار اور باصلاحیت مینجمنٹ دیں۔اپنی عیاشیاں اور غیر ترقیاتی اخراجات ختم کریں۔ بڑی گاڑیوں مفت پٹرول مفت بجلی اور دیگر مراعات سے دستبردار ہو جائیںتو حالات سدھر جائیںگے ۔ان کا کہنا تھا کہ مفادات کی سیاست نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ظلم و ستم کے اس نظام نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے ساتھ مافیا ز نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
غیر سنجیدہ اور ڈنگ ٹپائو فیصلے کرکے ملک و قوم کو انتشار، سیاسی عدم استحکام اورانارکی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ محب وطن قیادت کا فقدان ہے۔ حکمرانوں کی ناقص کارکردگی کی بدولت ادارے تباہ اور کرپشن نے نظام کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے تاکہ کوئی بھی شخص بھوکہ نہ سوئے ۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک پر کرپٹ افراد کا ٹولہ ہے جو فارم 47کے ذریعے مسلط کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے اداروں کو تباہ کیا اور کرپشن کرکے بیرون ملک اپنے اثاثہ بنائے ، قوم کو درپیش مسائل کے حل سے انہیں کوئی غرض نہیں۔