ٹرینیڈاڈ(رپورٹنگ آن لائن) آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈ کپ میں افغانستان نے پاپوا نیوگنی کو 7وکٹوں سے شکست دے کر سپر 8مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈ کے 29ویں میچ میں پاپوا نیوگنی نے افغانستان کو جیت کے لیے 96رنز کا ہدف دیا تھا جو افغانستان نے 15.1اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب سب سے نمایاں بیٹسمین رہے جنہوں نے 49رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد نبی 16رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے، جبکہ رحمت اللہ گرباز 11اور عظمت اللہ عمر زئی نے 13رنز بنائے۔
پاپوا نیو گنی کی جانب سے ایلی نا، سیمو کمیا اور نارمن نے 1،1کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔اس سے قبل افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاپوا نیو گنی کی پوری ٹیم 19.5اوورز میں 95رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔پاپوا نیو گنی کی جانب سے کپلن ڈوریگا سب سے نمایاں بیٹسمین تھے جنہوں نے 27رنز بنائے، ایلی نا 13، ٹونی اورا 11اور چاڈ سپر 9رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ پاپوا نیوگنی کے 3کھلاڑی رن آﺅٹ ہوئے۔
افغانستان کے فضل حق فاروقی نے 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ نوین الحق نے 2اور نور احمد نے 1وکٹ حاصل کی۔میگا ایونٹ کے گروپ سی میں 6پوائنٹس حاصل کر کے افغانستان نے سپر 8مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔