شہباز اکمل جندران۔۔۔
ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی پالیسی کے برعکس موٹر برانچ لاہور کے ذیلی جوہر ٹاون آفس میں ایجنٹوں کا راج ہے۔
ایک طرف ایکسائز ڈیپارٹمنٹ ایجنٹوں اور ٹاوٹ مافیا کی حوصلہ شکنی کرتا ہے تو دوسری طرف جوہر ٹاون دفتر میں ایجنٹوں کو عام شہریوں پر نہ صرف فوقیت دی جاتی ہے بلکہ ان کے پر طرح کے کام دنوں کی بجائے فوری کرنے کے لئے same day کی “پالیسی” بنائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ایجنٹ اور ٹاوٹ مافیا کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے گاڑیوں کے کاغذات، اور رجسڑیشن کارڈ شہریوں کے گھروں پر پہنچانے کے لئے TCS کورئیر سے معاہدہ کر رکھا ہے۔
جس کے تحت کمپنی، صوبے میں رجسٹرڈ یا ٹرانسفر ہونے والی تمام گاڑیوں کی دستاویزات، نمبر پلیٹس اور ڈیٹا ایمبوزنگ کارڈ( سمارٹ کارڈ) ایکسائز ٹیکسیشن کے دفاتر سے وصول کرکے شہریوں کے گھروں تک پہنچاتی ہے۔
اور صوبے میں محکمے کے تمام ایم آر ایز پابند ہیں کہ معاہدے کی روشنی میں رجسٹرڈ یا ٹرانسفر ہونے والی تمام گاڑیوں کی دستاویزات، نمبر پلیٹس اور ڈیٹا ایمبوزنگ کارڈ( سمارٹ کارڈ) ٹی سی ایس کورئیر کے حوالے کریں۔تاکہ شہریوں کے گھروں تک پہنچائے جاسکیں۔اور ایجنٹ مافیاکی حوصلہ شکنی ہوسکے۔
تاہم علم میں آیا ہے کہ موٹر برانچ جوہر ٹاون میں TCS کے ساتھ پنجاب حکومت کے اس معاہدے کو مکمل نظر انداز کیا جارہاہے۔اور پسند ناپسند کی بنیاد پر ایجنٹوں کو گاڑیوں کی فائلیں ،دستاویزات اور رجسٹریشن کارڈ In-person دینے کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹی سی ایس کے ساتھ حکومتی معاہدہ کے برعکس جوہر ٹاون موٹر برانچ(سابق پی آئی اےبرانچ )میں یکم جنوری 2021 سے 15 فروری 2021 تک محض ڈیڑھ ماہ کے دوران 8 ہزار 249 گاڑیوں کی ٹرانزکشن/ٹرانسفر ہوئی ہے جبکہ6 سو 63 نئی موٹرکاریں رجسٹرڈ ہوئی ہیں۔ اسی طرح موٹر برانچ جوہر ٹاون میں یکم جنوری 2021 سے 15 فروری 2021 تک ڈیڑھ ماہ کے دوران 8 ہزار 110 گاڑیوں کی دستاویزات In-person ہینڈ اوور کی گئی ہیں جن میں 90 فیصد سے بھی زائد وصولی ایجنٹوں نے کی ہے۔
اسی طرح موٹر برانچ جوہر ٹاون سے یکم جنوری 2021 سے 15 فروری 2021 تک ڈیڑھ ماہ کے دوران 2 ہزار 486 افراد کو In-person رجسٹریشن کارڈ جاری کیئے گئے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جوہر ٹاون موٹر برانچ میں ہونے والی اس بے ضابطگی پر ٹی سی ایس اور ڈائیریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب بھی تشویش کا شکار ہیں۔
اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے ایم آر اے موٹر برانچ جوہر ٹاون سفیر عباس کا کہنا تھا کہ وہ معاملے کی چھان بین کرینگے۔