اسٹیٹ بینک

ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے ماہ میں 25فیصد کا اضافہ

مکوآنہ (رپورٹنگ آن لائن)ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 25فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بنک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے فروری 2025تک کی مدت میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات سے ملک کو2.482ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سا ل کی اسی مدت کے مقابلے میں 25فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات سے ملک کو1.978ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

فروری میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات کا حجم 305ملین ڈالر ریکارڈ کی گیا جو گزشتہ سال فروری کے 257 ملین ڈالر کے مقابلے میں 19فیصد زیادہ ہے۔ جنوری کے مقابلے میں فروری میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 3فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ جنوری میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات کا حجم 313ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو فروری میں کم ہوکر305ملین ڈالر ہوگیا۔

واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں خدمات شعبے کی مجموعی برآمدات سے ملک کو5.459ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 5.150ارب ڈالرکے مقابلے میں 6فیصد زیادہ ہے۔