لاہور چیمبر

ٹیکس قوانین ترمیمی بل کا خیر مقدم، ٹیکس دہندگان پر سے بوجھ کم ہوگا’لاہور چیمبر

لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے پیش کیے گئے ٹیکس قانون ترمیمی بل 2024 کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے موجودہ ٹیکس دہندگان پر سے بوجھ کم ہوگا اور اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ یہ قانون ٹیکس کی تعمیل کو بہتر بنانے اور چوری کو کم کرنے کے لیے ایک صحیح قدم ہے۔ تاہم، حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ اس کے نفاذ سے حقیقی کاروباروں خاص طور پر غیر رسمی شعبے میں کام کرنے والے اور جو رسمی معیشت میں منتقلی کے خواہشمند ہیں، کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے حکومت سے یہ بھی کہا کہ وہ اس سلسلے میں شعور و آگاہی مہم بھی چلائے۔

انہوں نے کہا کہ اس بل میں تجویز کردہ اقدامات کے ساتھ ساتھ ٹیکس فائلنگ کے عمل کو سادہ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ خاص طور پر ایس ایم ایز کو ضروری وسائل فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا جائے تو اس کے بہترین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری برادری پاکستان کی معیشت کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے لہذا انہیں پالیسی سازی کے عمل میں شریک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو ٹیکس رجسٹریشن اور ریٹرن فائلنگ کے لیے تاجر دوست ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کرنے چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مشاورتی عمل میں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو شامل کرے تاکہ تجویز کردہ اقدامات پر افہام و تفہیم سے عمل درآمد ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر صنعت و تجارت اور معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کی کوششوں کو سپورٹ کرے گا لیکن ضروری ہے کہ حکومت سٹیک ہولڈرز کو شامل مشاورت رکھے۔