اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن):ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 49 فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات اور سٹیٹ بینک کی طرف سےجاری کردہ اعدادوشمار کےمطابق جولائی سے جنوری 2023 تک کی مدت میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات میں 257 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 49 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات کا حجم 504 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جنوری میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 78 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ جنوری میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات کا حجم 15 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو گزشتہ سال جنوری میں 70 ملین ڈالر تھا۔
دسمبر کے مقابلہ میں جنوری میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 48 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دسمبر میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات کا حجم 29 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جنوری میں کم ہو کر 15 ملین ڈالر ہو گیا ۔واضح رہے کہ مشینری گروپ کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 45 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات پر 3.73 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہو ا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 6.80 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا تھا۔