مظاہروں

ٹرمپ کا ملکی مظاہروں کا افغانستان سے موازنہ

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مظاہروں کے سبب ملکی صورتحال افغانستان سے بھی بدتر ہوگئی ہے، جو بائیڈن کا جیتنا ملک کو دوزخ میں دھکیلنے کے مترادف ہوگا، ری پبلکنز امریکا کو دوزخ میں دھکیلنے کی کوششیں ناکام بنادیں گے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ نسل پرستی کیخلاف احتجاج کرنیوالوں کو کچلنے کے لئے اہم شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اہلکار بھیجے جائیں گے۔ پورٹ لینڈ اور اوریگن میں اہلکاروں کو بغیر وردی کے تعینات کیا جائے گا اور وہ سادہ گاڑیوں میں گشت کریں گے۔

امریکی صدر کا کہنا تھاکہ صورتحال افغانستان سے بھی زیادہ خراب ہے، یہ مظاہرے ان ریاستوں میں کئے جارہے ہیں جہاں لبرل ڈیموکریٹس اقتدار میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مظاہروں کے نام پر افراتفری پھیلانے والے امریکا سے نفرت کرتے ہیں۔ نوبت یہ ہے کہ ریاستوں میں گورنر، میئر اور سنیٹرز بھی ان سے ڈرتے ہیں۔