ٹرمپ 14

ٹرمپ نے سابق صدر اوباما کے اہم فیصلے کو منسوخ کر دیا

واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر بارک اوباما کے دور میں کیے گئے ایک اہم سائنسی فیصلے کو منسوخ کر دیا جس سے پاکستان اور دوسرے ممالک کی معیشت اور خوراک کے نظام پر مزید دباو بڑھے گا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق 2009 کے اس اہم ماحولیاتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ گرین ہاوس گیسیں عوامی صحت کے لیے خطرہ ہیں اور یہی فیصلہ امریکا میں اخراج کم کرنے کے وفاقی قوانین، خاص طور پر گاڑیوں سے متعلق ضوابط کی قانونی بنیاد بنا۔

امریکی وائٹ ہاوس نے صدر ٹرمپ کے اس اقدام کو امریکی تاریخ کی سب سے بڑی ڈی ریگولیشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے گاڑیاں سستی ہوں گی اور آٹو صنعت کے لیے فی گاڑی تقریبا 2400 ڈالرز تک لاگت کم ہو جائے گی۔ماحولیاتی تنظیموں نے اس فیصلے کو موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ قرار دیتے ہوئے عدالتوں سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر عالمی سطح پر گرین ہاوس گیسز اخراج میں کمی کے اقدامات کمزور پڑتے ہیں تو اس کے اثرات پاکستان جیسے ممالک پر زیادہ پڑیں گے جو پہلے ہی موسمیاتی تبدیلی کے فرنٹ لائن پر ہیں، بڑھتا ہوا درجہ حرارت، شدید سیلاب، خشک سالی اور گلیشیئر پگھلنے جیسے خطرات پاکستان کی معیشت اور خوراک کے نظام پر مزید دبائو ڈالیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں