ظہران ممدانی

ٹرمپ مجھے نشانہ بنا رہے ہیں ،ظہران ممدانی کا امریکی صدر پر پلٹ وار

نیویارک( رپورٹنگ آن لائن)امریکی شہر نیویارک کے میئرل امیدوار ظہران ممدانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ملک بدر کرنے کی دھمکیوں پر شدید ردعمل کا اظہار کردیا۔

33 سالہ سیاستدان نے ٹرمپ پر الزام لگایا ہے کہ وہ عوام میں تفرقہ ڈال رہے ہیں اور اپنی حکومت کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے مجھ پر ذاتی حملے کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ظہران ممدانی نے جمعرات کو خطاب میںانہوں نے اعلان کیا کہ وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنا کام جاری رکھیں گے اور ریپبلکن جماعت کی جانب سے اختلاف رائے کو دبانے کی کوششوں کے خلاف لڑیں گے۔مسلمان سیاستدان ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ کل ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجھے گرفتار کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ملک بدر کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میری شہریت ختم کی جانی چاہیے۔ اور انہوں نے یہ سب میرے بارے میں کہا، ایک ایسے شخص کے بارے میں جو اس شہر کی تاریخ میں کئی نسلوں بعد پہلا مسلمان، جنوبی ایشیائی تارک وطن میئر بن سکتا ہے۔

ممدانی کا کہنا تھا کہ یہ سب اس لیے ہے کہ میں کون ہوں، یا میں کہاں سے آیا ہوں، یا میری شکل و صورت یا زبان کیسی ہے اور زیادہ اس لیے ہے کہ وہ توجہ ہٹانا چاہتے ہیں اس بات سے کہ میں کس کے لیے لڑتا ہوں۔ میں محنت کش عوام کے لیے لڑتا ہوں۔

ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ممدانی کا مزید کہنا تھا کہ صدر تقسیم کو ہوا دے رہے ہیں، بجائے اس کے کہ وہ تسلیم کریں کہ انہوں نے نہ صرف نیویارک بلکہ امریکہ کے محنت کش امریکیوں کو مایوس کیا ہے۔