حلیم عادل شیخ

ویکسینیشن کی شرح سب سے کم صوبہ سندھ میں ہے، حلیم عادل شیخ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ویکسینیشن کی شرح سب سے کم صوبہ سندھ میں ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کراچی میں اومیکرون کے پھیلا کے حوالے سے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سندھ کو لاکھوں ڈوز ویکسین کے وفاق نے دیئے۔

انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم ہے صحت کا شعبہ سندھ حکومت کے پاس ہے، ایک روپے کی ویکسین سندھ حکومت خرید نہیں کرسکی، سب سے کم ویکسینیشن کی شرح صوبہ سندھ میں ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ سوا لاکھ ڈوز چوری ہوگئے یا غائب ہوئے، دعوے سے کہتا ہوں سندھ حکومت نے یہ ویکسین بیچی ہوگی، ہوم سروس دیکر پیسوں کے عیوض ویکسین لگائی گئی۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ 9 ماہ سے ویکسینیٹرز کو تنخواہیں نہیں دی گئی، ویکسینٹر آج احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈان پیپلزپارٹی اپنی تیاریوں میں مصروف ہے، لوگوں سے بھتہ لینے والا گروپ تیار ہے، سندھ میں ویکسین کا عمل تیز کیا جائے۔