کپتان 25

ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ 13 انٹرنیشنل ٹیموں کیخلاف سنچری بنانیوالے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے

آکلینڈ(رپورٹنگ آن لائن)ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان شائی ہوپ نے انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔گزشتہ روز ویسٹ انڈیز اور میزبان نیوزی لینڈ 3 میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں نیپیئر میں مدمقابل تھے۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔اس سنچری کے ساتھ ہی شائی ہوپ دیگر تمام 11 ٹیسٹ پلیئنگ نیشنز اور مجموعی طور پر انٹرنیشنل کرکٹ میں 13 مختلف ٹیموں کے خلاف سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے۔شائی ہوپ تمام 11 فل ممبر ٹیموں اور پھر نیدرلینڈز اور نیپال کے خلاف بھی انٹرنیشنل سنچریاں بنا چکے ہیں۔جس کی بدولت وہ کرکٹ کی تاریخ میں واحد کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے 13 مختلف ٹیموں کے خلاف سنچریاں اسکور کیں۔ اس فہرست میں انہوں نے کرس گیل اور سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے 12 مختلف ٹیموں کے خلاف انٹرنیشنل سنچریاں بنائیں۔

مجموعی طور پر یہ شائی ہوپ کی ون ڈے کی 19ویں سنچری تھی، جس کے ساتھ ہی انہوں نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ برائن لارا کے 19 سنچریوں کے ریکارڈ کو برابر کردیا۔ جبکہ کرس گیل 25 سنچریوں کے ساتھ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی ہیں۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 247 رنز بنائے تھے۔میزبان نیوزی لینڈ نے ہدف با آسانی 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے 3 میچز کی سیریز میں 0ـ2 کی برتری حاصل کرلی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں