ملتان(رپورٹنگ آن لائن ) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ اس وقت تک نہیں جائیں گے جب تک جلسہ نہ کرلیں،کنٹینرزہٹانے سے متعلق عدالتی فیصلہ حقائق کے مطابق ہے، اس سے پہلے وہ ہمیں گرفتار کریں ہم انہیں گرفتار کرلیںگے، رضاکاراپنا کرداربھرپور طریقے سے اداکررہے ہیں، ہمیں کوئی مارے گاتوخاموش نہیں بیٹھیں گے، وہ ہمیں بندوق سے ماریں گے تو ہم انہیں ڈنڈے سے ماریں گے۔
پیر کو ملتان میں فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میں جلسہ کر کے رہیں گے اور اس وقت تک نہیں نکلیں گے جب تک جلسہ کر کے نہ دیکھائیں گے اور جو بھی حالات ہوں ہم ہر طرح کی قربانی دینے کےلئے تیار ہیں، ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مکمل طور پر ملتان میں ڈیرہ جمائیں گے، یہاں پر ہم ہوں گے اور پورے ملک میں عوام سڑکوں پر آ جائے گی، یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادوں کو رہا کرنے کا فیصلہ عدالت نے زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے کیا ہے،عدالت نے جلسے کو آئین اور قانون کے مطابق سمجھا ہے، عدالت نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ جلسہ ہو اور ہم نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ جلسہ ہو، پی ڈی ایم اور عدالت ایک پیج پر ہے، جلسہ ہم نے ضرور کرنا ہے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ انصار اسلام ملک و ہماری جماعت خدمت گار ہیں وہ رضاکارانہ طور پر کام کرتے ہیں۔ صحافیوں کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ہم کو روکا گیا تو پھر خاموش نہیں بیٹھیں گے، ننگ آمد بجنگ آمد ہو گا،ہم کوئی مردہ لاشیں نہیں ہیں ہم بھی زندہ اور بھرپور جواب دیں گے او ہمارے کارکنوں کو گرفتار کرنے سے پہلے ہم ان لوگوں کو گرفتار کرلیں گے ، پولیس کون ہوتی ہے گرفتار کرنے والی، حکومت کی کوئی رکاوٹ کام نہیں آئے گی