کامران ٹیسوری 23

وہ دن دور نہیں جب پاکستان عالمی برآمدات میں مزید نمایاں مقام حاصل کرے گا، گورنر سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ معاشی ترقی گھر سے شروع ہوتی ہے، گھر خوشحال ہوگا تو ملک بھی خوشحال ہوگا۔

وہ دن دور نہیں جب پاکستان عالمی برآمدات میں مزید نمایاں مقام حاصل کرے گا۔ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں ”میڈ اِن پاکستان” مصنوعات دیکھ کر فخر اور خوشی محسوس کرتے ہیں، اس لیے ہمیں معیار اور کوالٹی کو اپنی پہچان بنانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے”میڈ اِن پاکستان کانفرنس اینڈ ایوارڈز” تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت باعثِ فخر ہے کیونکہ اس کا عنوان ہی قومی خود اعتمادی کا مظہر ہے۔

پاکستان کے فٹ بال، چاول اور کینو دنیا بھر میں مقبول ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ایمانداری، سچائی اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں اور 50 فیصد خواتین پر مشتمل ہے، جو ہمارے لیے سنہری موقع ہے۔ اگر ہم وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں معرکہ حق جیت سکتے ہیں تو معرکہ ترقی بھی ضرور جیتیں گے۔ دنیا میں مصنوعی ذہانت (AI) کا دور ہے اور ہمیں اس ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستانی انجینئرز اور ماہرین دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔

ہمیں اپنی برآمدات میں جدت، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کو شامل کرنا ہوگا تاکہ پاکستان عالمی منڈی میں مضبوط مقام حاصل کرسکے۔انہوں نے بتایا کہ گورنر انیشیٹو کے تحت 50 ہزار نوجوان 9 لاکھ روپے مالیت کے آئی ٹی کورسز مفت کر رہے ہیں جبکہ راشن اور دیگر فلاحی منصوبے بھی جاری ہیں۔ ان منصوبوں میں حکومت کا ایک روپیہ شامل نہیں بلکہ یہ سب عزم اور جذبے سے جاری ہیں۔اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے صوبائی وزیر سید سردار شاہ سمیت دیگر معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں