لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ فارم47مارکہ حکومت ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے ، وہ دن دور نہیں جب معیشت سے کاسمیٹکس کا لیپ اترجائے گا ، حکمران دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کے دعویدار ہیں جبکہ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں بیڈ گورننس کے ریکارڈ توڑے جارہے ہیں ، حکمرانوں کی ساری کارکردگی صرف اشتہارات تک محدود ہے جبکہ حقائق اس کے برعکس ہیں۔ اصل میں معیشت نہیں بلکہ غربت اور افلاس بلندیوں کو چھو رہی ہے ، مہنگائی کم ہونے کے صرف دعوے ہیں ، عوام گھی ،چینی اور آٹا خریدنے سے قاصر ہیں ۔
پنجاب حکومت رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام رہی ہے ، امدادی رقم کے چیک کن لوگوں کو ملے ہیں کسی کو کچھ معلوم نہیں۔ انہوںنے کہا کہ ان شا اللہ وہ وقت آئے گا جب ملک میں پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہو گی اورنظام میں پیدا ہونے والے بیگاڑ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا ۔