سراج الحق

وہ دن آئے گا جب علمائے کرام مشائخ قومی اسمبلیوں میں ہوں گے، سراج الحق

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ وہ دن آئے گا جب علمائے کرام مشائخ قومی اسمبلیوں میں ہوں گے۔ سراج الحق نے تحفظ ختم نبوت کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم انگریزی میں تقریر کرتے تھے مگر پاکستان کا مقصد بھی بتاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 74 سال گزرنے کے بعد بھی بینک سودی نظام پر قائم ہیں، اتنے سالوں بعد بھی سالانہ بجٹ سود پر مبنی ہوتا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہمارا پورا نظام باطل کا ہے، سود کا ہے اور نظام عدالت انگریز کا ہے۔ سپریم کورٹ میں 111 دن میں گیا تھا مگر وہاں کبھی قرآن مجید کو نہیں دیکھا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ نظام تعلیم انگریز سے مختلف نہیں، اسلامی نظام تعلیم میں نہیں آتا، امت مسلمہ مکمل طور پر تقسیم ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ نبوت پر ہم 74 سال گزرنے کے باوجود ابھی تک لڑرہے ہیں، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی کی حکومت رہی ہے جہنوں نے اسلامی نظام نافذ نہیں کیا۔

انکا کہنا ہے کہ کل بھی ایک وزیر نے بیان دیا ہے کہ ہمیں افغانستان کی حکومت سے خطرہ ہے، جنہوں نے امریکہ کو شکست دی ان کے بارے میں ایسی بات ہورہی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ سینیٹ میں اسلامی جمعہ کو چھٹی کا بل منظور کرنے کا کہا تو تمام پارٹیوں نے انکار کیا۔ پرویز مشرف نے جرم کیا تھا اسے کس نے جانے دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے کسی حکومت نے بات نہیں کی، عافیہ قیامت کے دن ان تمام حکمرانوں کے گریبان پکڑے گی جنہوں نے انگریزوں کے ہاتھ اسے بیچا ہے۔