کرائسٹ چرچ (ر پورٹنگ آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اظہر علی نے کہا ہے کہ وکٹیں گرنے کے باوجود رنز بنانا ہمارے لیے مفید رہا، اچھی بولنگ کر کے میزبان ٹیم کیلئے مشکلات پیدا کر نے کی کوشش کرینگے ۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ٹاس ہارنے کے باوجود ہم نے بہتر بیٹنگ کی، اسکور بورڈ پر رنز لگے ہوئے ہیں، ہمارے پاس اس ٹیسٹ میچ میں اچھا موقع ہے، یہاں کنڈیشنز باؤلرز کے لیے سازگار ہیں، آج سارا دن گیند سیم کرتا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم پیر کی صبح اچھی باؤلنگ کر کے میزبان ٹیم کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کریں گے، نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں جلد از جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ وکٹیں گرنے کے باوجود رنز بنانا ہمارے لیے مفید رہا۔ انہوںنے کہاکہ محمد رضوان کے ساتھ جو پارٹنر شپ لگی اس سے ٹیم کو استحکام ملا، ایسی پچ پر رنز بھی بنتے ہیں اور وکٹ بھی ملتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ میچ میں پچ تھوڑی سلو تھی،ابھی تک نیوزی لینڈ میں سنچری نہیں بنا سکا۔ انہوںنے کہاکہ خواہش تھی کہ سنچری بناسکوں مگر ابھی ایک اننگز باقی ہے، میرے پاس سنچری بنانے کا ایک اچھا موقع تھا۔ انہوںنے کہاکہ مشکل کنڈیشنز میں رنز بنانے سے اعتماد بڑھا ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہاں کنڈیشنز بیٹنگ کے لیے آسان نہیں، ڈیبیو کا بھی پریشر ہوتا ہے لیکن ظفر گوہر آج بہت عمدہ کھیلے،ظفر گوہر نے ثابت کیا ہے کہ وہ باصلاحیت اور پراعتماد کرکٹر ہیں۔
