پشاور (رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وکلا کا پاکستان کی جمہوری ترقی میں کردار رہا ہے ،پیپلز پارٹی ہمیشہ وکلا کی حامی رہی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ اسماعیل خان ، تحصیل بار درابن اور کلاچی کے لیے مجموعی طور پر پینتالیس لاکھ کی گرانٹ کے چیک دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ وزارت قانون کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس حوالے سے تعاون کیا ،اس ضمن میں رکن قومی اسمبلی سردار فتح اللہ خان میاں خیل نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ ا ن کا کہنا تھا کہ ملک بالخصوص صوبہ خیبر پختونخوا میں انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی میں یہاں کے وکلا نے تاریخی کام کیا ،بڑے اور نامور جججز کا تعلق اسی ضلع سے رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم متحد ہوکر اس علاقے میں امن ،بھائی چارے اور عوامی مسائل کے حل کے لیےکام کریں گے ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے صدر قیضار خان میاں خیل کو پچیس لاکھ ، کلاچی بار کے صدر یاسر خان کو دس لاکھ اور درابن بار کے صدر گل رحمان خان کو دس لاکھ کی گرانٹ کا چیک دیا ۔ گورنر نے کہا کہ پروا اور پہاڑ پور بارایسوسی ایشنز کے لیے بھی گرانٹ کی جلد فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ کے صدر اور پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر قیضار خان میاں خیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی نے پہلے بھی ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار کے مسائل کے حل میں کردار ادا کیا ، آج ڈسٹرکٹ بار کے ساتھ ساتھ تحصیل بارز کے لئے چیکوں کی فراہمی پر ان کے شکر گزار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ یہ گورنر کا ہوم ڈسٹرکٹ ہے،ہمیں یقین ہے کہ مزید مسائل کے حل میں بھی وہ کردار ادا کریں گے ۔اس موقع پر خیبر پختون خواہ بار کونسل کے ممبر سردار حشمت رحمان سدوزئی ایڈوکیٹ، ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری سردار عدنان سعید سدوزئی ، شیخ محمود الحسن ایڈوکیٹ ، حبیب اللہ خان ایڈوکیٹ ،پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری عابد اعوان ایڈوکیٹ ، پیپلز لائرز فورم کے رہنما شاہ فہد انصاری ایڈوکیٹ اور سردار حزب اللہ خان گنڈہ پورایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔









