پرویز حنیف

وفاق کی مجموعی آمدن کے مقابلے میں قرضوں کا سود زیادہ ہو چکا ہے’ پرویز حنیف

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر پرویز حنیف نے کہا ہے کہ 22کروڑ سے زیادہ آبادی والا ملک قرضوں کے بل بوتے پر نہیں چل سکتا اس کیلئے خود انحصاری کی منزل کا تعین کرنا ہوگا ، ہماری معیشت کی بنیادیں اور ڈھانچہ انتہائی بوسیدہ ہے اس لئے اس کی از سر نو بحالی کیلئے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز حنیف نے کہا کہ حقائق یہ ہیںکہ جتنی وفاق کی مجموعی آمدن ہے اس کے مقابلے میں ہمارے قرضوں کا سود زیادہ ہو چکا ہے ، ان حالات میں ہم کیسے معیشت کی ترقی کا دعویٰ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اصلاحات کی جانب بڑھنا ہوگا ، روایتی شعبوں کے ساتھ نئے شعبے تلاش کئے جائیں جن سے آمدن کے ذرائع پیدا ہو سکیں ،

سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کو اس طرز پر ترقی دی جائے جو برآمدی انڈسٹری کو سپورٹ دے ، آج بہت سے ممالک سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کی برآمدات پر توجہ کر کے اپنی معیشت کو ترقی دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اخراجات میں کمی کے لئے حکومتی اور بیورو کریسی کے اللے تللے ختم کرنا ہوں گے ، بلا تفریق سبسڈی کی پالیسی ختم کی جائے اور صرف مستحق طبقات کیلئے سبسڈی کا موثر نظام لایا جائے جس کیلئے حکومت کے پاس تمام ڈیٹا موجود ہے۔