ایچ ای سی

وفاقی کابینہ نے ایچ ای سی ترمیمی بل منظور کرلیا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی کابینہ نے ایچ ای سی ترمیمی بل منظور کر لیا ہے۔ وزیر اعظم کنٹرولنگ اتھارٹی ہوں گے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق کابینہ اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل 2023 کی منظوری دی گئی ۔ ترمیم کے بعد وزیر اعظم کو چیئرمین ایچ ای سی کو مدت ملازمت سے قبل ہٹانے کا اختیار ہو گا۔ آرڈیننس کے مطابق کمیشن محض وفاقی حکومت کے چیف ایگزیکٹو کو جوابدہ تھا۔

ترمیم کے بعد ایچ ای سی ملک بھر میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی واحد ریگولیٹری اتھارٹی ہو گی۔ چیئرمین ایچ ای سی کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہونے کی شق بھی اڑا دی گئی۔ ایچ ای سی کے کمیشن کے ممبران کی تعداد بائیس سے تیرہ کردی گئی۔ کمیشن کے اکثریتی ممبران حکومت کے زیر اثر ہونگے،۔

ایچ ای سی کے چیئرمین کے عہدے کی مدت دو سے بڑھا کر تین سال کردی گئی ہے۔ ایچ ای سی کے آرڈینینس میں کچھ ترامیم 2021 میں بھی کی گئیں۔ بل اب کابینہ کی کمیٹی برائے قانون سازی میں زیر بحث آئے گا۔