عبدالعلیم خان 25

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی غزہ پر مودی کے ‘دوغلے پن’ کی شدید مذمت؛ عالمی احتساب کا مطالبہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے اسرائیلی کنیسٹ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ خطاب پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے غزہ میں جاری انسانی بحران کے حوالے سے ”دوغلے پن کا بدترین مظاہرہ”قرار دیا ہے۔اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری ایک بیان میں، وفاقی وزیر نے مودی کے بیانیے میں موجود تضاد کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارتی رہنما یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ”کوئی بھی مقصد شہریوں کے قتل کا جواز پیش نہیں کر سکتا”جبکہ دوسری طرف وہ ایک جارح ملک کے ساتھ سے کھڑے ہیں۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی یک طرفہ مذمت کر کے غزہ کے لرزہ خیز حقائق کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جارہاہے، جن میں منظم فاقہ کشی، نظام صحت کی مکمل تباہی اور اسرائیلی افواج کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں شامل ہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہاکہ انسانی جان کی حرمت عالمی اصولوں کے تحت ایک عالمگیر ضابطہ ہے؛ اسے سیاسی مفادات کے بجائے بلا تفریق سب پر لاگو کیا جانا چاہیے۔وفاقی وزیر نے اسے مسلم امہ کے لیے ایک ”فیصلہ کن موڑ”قرار دیا۔ انہوں نے بھارت کے ساتھ مضبوط تجارتی تعلقات رکھنے والے ممالک سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے موجودہ سفارتی موقف کی روشنی میں اپنے دوطرفہ شراکت داریوں پر نظرثانی کریں۔وزیر مواصلات نے کہاکہ ہم معاشی مفادات کو ضمیر کی خاموشی کے بدلے خریدنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری، خاص طور پر مسلم دنیا کو اب معاشی منافع اور غزہ کے بے گناہ لوگوں کے خون میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں