اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان نے ملاقات کی جس میں جنوبی ایشیا کے ممالک کے مابین اقتصادی و تجارتی ترقی کیلئے تعاون کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اسلام آباد، تہران، استنبول(آئی ٹی آئی)روڈ ٹرانسپورٹ کوریڈور کے علاوہ پاکستان ٹرانسپورٹ کوریڈور (ریل اینڈ روڈ) اور یورو ایشین ٹرانسپورٹ لنک پر بھی بات چیت کی۔
ای سی او کے سیکرٹری جنرل نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو جون میں تہران میں ہونے والے تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے بتایا کہ وسط ایشیائی ریاستوں، ترکیہ اور پاکستان سمیت 10 ممالک اس تنظیم کے ممبر ہیں جو باہم تعاون کے ساتھ مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات کر سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے سیکرٹری جنرل ای سی او اسد مجید خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں ہیومن ریسورس اور ورک فورس کے لئے بہترین کردار ادا کر سکتا ہے۔
مزید برآں ان 10 ممالک کے مابین مواصلات، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور معدنیات کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ عبدالعلیم خان نے بتایا کہ پاکستان میں مواصلات کے شعبے میں جدت کے لئے ڈیجیٹلائزیشن پر کام ہو رہا ہے جبکہ ایران، افغانستان اور چین کے ذریعے پاکستان سے آذربائیجان و دیگر وسط ایشیائی ریاستوں تک تجارتی روٹس فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے گزشتہ سال اگست میں ای سی او کے 14ویں سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر اسد مجید خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں اس تنظیم میں پاکستان کی طرف سے ہر ممکن تعاون اور فعال کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ جون میں تہران میں ہونے والے اجلاس سے پہلے بالخصوص پاکستان اور ایران اور دیگر ممالک کے مابین تجارتی امور پر ہوم ورک مکمل کر لیا جائے گا تاکہ اس کے بعد تیزی سے پیش قدمی ہو سکے۔