اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس کابینہ ڈویڑن اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں سائنس، ٹیکنالوجی، تعلیم اور انجینئرنگ کے شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے ماہرین کے ناموں پر قومی سطح کے ایوارڈز اور صدارتی تمغوں کے لئے غور کیا گیا۔
وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ساجد بلوچ سمیت وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام اور ماہرین نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ حکومت میرٹ، شفافیت اور کارکردگی کے اصولوں پر سختی سے کاربند ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائنسی اور تحقیقی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ماہرین کو قومی اعزازات کے لئے زیر غور لانا نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ نوجوان نسل کے لئے بھی ایک مثبت مثال ہے۔ اجلاس کے دوران مختلف امیدواروں کی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان پر غور و خوض کے بعد سفارشات مرتب کی گئیں۔
شرکا نے اتفاق کیا کہ یہ سفارشات ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد منظوری کے لیے متعلقہ حکام کو ارسال کی جائیں گی۔