اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم پاکستان کی واضح ہدایات کی روشنی میں پاکستان ریلوے کو جدید، منافع بخش، پائیدار اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے وزارت ریلوے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کی جس میں “پاکستان ریلوے کی جدیدکاری کے لیے سٹریٹجک روڈ میپ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان ریلوے کو ایک موثر اور تجارتی لحاظ سے فعال ادارہ بنانے کے لیے پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کو فروغ دیا جائے گا۔
اس ماڈل کے ذریعے نجی شعبے کی شراکت سے ریلوے میں سرمایہ کاری، تجارتی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو ممکن بنایا جائے گا۔وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ملک بھر کے ریلوے سٹیشنز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا جامع منصوبہ بھی زیر غور آیا جس کا مقصد عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ریلوے سٹیشنز کو کمرشل ہب میں تبدیل کرتے ہوئے صفائی، سکیورٹی، ٹیکنالوجی اور سہولیات کو اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ پاکستان ریلوے عوام کی پہلی ترجیح بنے۔وفاقی وزیر ریلوے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کی بحالی صرف ایک ادارے کی ترقی نہیں بلکہ یہ قومی معیشت کی مضبوطی کا راستہ ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام منصوبہ جات عوامی مفاد اور شفافیت کے اصولوں پر مبنی ہوں گے اور وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔یہ سٹریٹجک روڈ میپ پاکستان ریلوے کو نہ صرف ایک جدید ادارہ بلکہ ایک قومی اثاثہ بنانے کی بنیاد رکھتا ہے۔