اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجاب کے شہر صادق آباد کے قریب پولیس چوکی پر ڈاکووں کے حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس حملے میں شہید ہونے والے 5 پولیس اہلکاروںکوخراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس حملے کی بھرپور مذمت کی۔ وزیر داخلہ نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے بھی دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ پولیس جوانوں نیرات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرنے والے ڈاکووں کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے فرض کی راہ میں جانیں نچھاور کرکے شہادت کا اعلی مرتبہ پایا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کچے کے ڈاکووں کے خلاف برسر پیکار پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہید پولیس جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔