محسن نقوی 49

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پاک فوج کے دلیر سپوت سوار محمد حسین شہید کوسلام اور خراجِ عقیدت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ شہادت پر پاک فوج کے دلیر سپوت سوار محمد حسین شہید کو سلام پیش کیا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ وہ شکرگڑھ کے محاذ پر جرات کی نئی تاریخ رقم کرنے والے بہادر سپاہی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔محسن نقوی نے سوار محمد حسین شہید کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سوار محمد حسین شہید نے فولادی عزم کے ساتھ دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوار محمد حسین گولہ باری اور گولیوں کی بوچھاڑ کے باوجود دشمن کی خفیہ پوزیشنوں کی نشاندہی کرتے رہے۔ سوار محمد حسین نے جان کی پرواہ کیے بغیر دشمن کے ٹھکانوں کے بارے فیصلہ کن معلومات فراہم کیں۔ محسن نقوی نے بتایا کہ سوار محمد حسین شہید کی درست نشاندہی نے پاکستانی فوج کی پیش قدمی کو مؤثر بنایا۔وزیر داخلہ نے شہید کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آتش و آہن کے بیچ سوار محمد حسین نے آخری دم تک دشمن کی گن پوزیشنز بتاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سوار محمد حسین کی شہادت پاک فوج کے ہر جوان کے لیے ثابت قدمی اور شجاعت کا روشن حوالہ بن گئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سوار محمد حسین کا معرکہ دشمنان پاکستان کے لیے دوٹوک پیغام ہے کہ ہمارا ہر سپاہی وطن پر جان نچھاور کرنا اعزاز سمجھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں