وفاقی وزیر امور کشمیر

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان کی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی کر رہا ہے، بھارت سرچ آپریشزاور جھوٹے مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کا سلسلہ بے دریغ جاری رکھے ہوئے ہے،

بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، 5اگست2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے، مودی کا ہندو فاشسٹ ایجنڈا آج پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے،

علی امین گنڈاپور نے کہا پورے بھارت میں اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، بین الاقوامی برادری بھارت میں اقلیتوں کے خلاف ہونے والے ظلم و جبر کو بند کروائے، عالمی دنیا مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دلوا کر بھارت کے ظالمانہ تسلط سے نجات دلوائے، پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک اُن کی حمایت جاری رکھے گی۔