اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے نیشنل پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات کی اظہر جتوئی کو صدر، نیئر علی کو سیکریٹری، وقار عباسی کو سیکریٹری خزانہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے دیگر نومنتخب عہدیداران کو بھی مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ حکومت آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے،صحافی برادری ملک کا اہم ستون ہے،پریس کلب صحافیوں کی مضبوط آواز ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ پریس کلب ایک ایسا ادارہ ہے جو صحافیوں کے حقوق، آزادی اظہار رائے اور پیشہ ورانہ ترقی کیلئے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ نومنتخب عہدیداران کی کامیابی اس بات کی غماز ہے کہ صحافی برادری نے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ امید ہے نئی قیادت صحافیوں کی فلاح و بہبود، آزادی صحافت اور قومی مفاد میں مثبت کردار ادا کرے گی۔انہوںنے کہاکہ حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل، ان کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے اور آزادی صحافت کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ دریں اثناء وفاقی سیکریٹری اطلاعات عنبرین جان اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے نیشنل پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباددی ۔سیکریٹری اطلاعات اور پی آئی او نے اظہر جتوئی کو صدر، نیئر علی کو سیکریٹری، وقار عباسی کو سیکریٹری خزانہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
سیکرٹری اطلاعات نے کہاکہ نیشنل پریس کلب پاکستان میں صحافتی برادری کے لئے ایک موثر پلیٹ فارم ہے جو آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں نومنتخب قیادت اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صحافیوں کی فلاح و بہبود اور میڈیا کی ترقی کے لئے موثر اقدامات اٹھائیگی۔
پرنسپل انفارمیشن آفیسرنے کہاکہ جدید دور کے چیلنجز کے پیش نظر آزاد، ذمہ دار اور حقائق پر مبنی صحافت کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، ہمیں یقین ہے نیشنل پریس کلب اس حوالے سے اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھے گا۔پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے کہاکہ وزارت اطلاعات و نشریات نیشنل پریس کلب اور صحافتی برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوںنے کہاکہ امید ہے نئی قیادت نیشنل پریس کلب کو مزید فعال اور موثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔